مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف لاہور سے دبئی کیلئے روانہ ہو گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور سے دبئی روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ ایک روز قیام کریں گے اور پھر لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔ نجی ٹی وی چینلز کے مطابق نواز شریف غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 625 سے روانہ ہوئے، جو صبح 9 بج کر 22 منٹ پر اڑان بھر گئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لندن میں نواز شریف کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، اور وہ 29 اکتوبر کو لندن سے امریکا کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ 4 دن قیام کرنے کے بعد دوبارہ لندن واپس آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق، نواز شریف کے لندن کے دورے کو ان کی ممکنہ طبی معائنوں کے حوالے سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔ نواز شریف کے بیرون ملک روانگی کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ایک اہم آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے کوشاں ہے۔
واضح رہے کہ 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی نے 26ویں آئینی ترمیمی بل کو دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور کیا، جس کے بعد تقریباً ایک مہینے سے جاری سیاسی مذاکرات کا عمل اختتام پذیر ہوا۔
نواز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ایک موقع پر عدلیہ پر تنقید کی اور ایک شعر سنایا، جس میں عدلیہ کے کردار پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا:
"ناز و انداز سے کہتے ہیں کہ جینا ہوگا
زہر بھی دیتے ہیں تو کہتے ہیں کہ پینا ہوگا
جب میں پیتا ہوں تو کہتے ہیں کہ مرتا بھی نہیں
جب میں مرتا ہوں تو کہتے ہیں کہ جینا ہوگا”
