ٹی20 فارمیٹ میں قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے اپنے سسر اور سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کا داماد ہونے کی وجہ سے کم بیک کے الزامات پر لب کشائی کردی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور ٹی20 فارمیٹ میں نائب کپتان شاداب خان نے حالیہ دنوں میں اپنی ٹیم میں واپسی پر سسر اور سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کے مبینہ کردار سے متعلق الزامات پر ردِعمل دے دیا ہے۔ شاداب خان کا کہنا ہے کہ ان الزامات پر انہیں دکھ ہوتا ہے، خاص طور پر جب یہ باتیں اُن لوگوں کی جانب سے کی جاتی ہیں جو خود بھی کبھی قومی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
شاداب خان نے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 6 سے 7 سال سے قومی ٹیم کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کی کارکردگی بھی اس عرصے میں متاثر کن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کو بمشکل دو سال ہوئے ہیں، اس لیے ان کی کارکردگی کو ثقلین مشتاق کے ساتھ تعلق سے جوڑنا انصاف نہیں ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ دکھ تب ہوتا ہے جب سابق کھلاڑی ایسے الزامات لگاتے ہیں۔ کیونکہ وہ بہتر جانتے ہیں کہ ایک کھلاڑی کو میدان میں واپسی کے لیے کس قدر جدوجہد کرنی پڑتی ہے، اور کس دباؤ کا سامنا ہوتا ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ وہ خود بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اس وقت بہترین فارم میں نہیں ہیں، لیکن وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقلین مشتاق، جو اب ان کے سسر ہیں، ان کی بولنگ میں بہتری لانے کے لیے بطور استاد بھرپور رہنمائی کر رہے ہیں، اور یہ ایک قدرتی بات ہے کہ اگر کوئی تجربہ کار کوچ رہنمائی کرے تو اس کا مثبت اثر ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں یہ الزامات سامنے آئے تھے کہ ثقلین مشتاق نے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران شاداب خان کو نائب کپتان بنانے اور پلئینگ الیون میں شامل کروانے میں مبینہ لابنگ کی۔ تاہم شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹیم میں شمولیت کا دارومدار کارکردگی پر ہوتا ہے، اور وہ خود کو اس کے مطابق ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔