فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دئیے گئے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر سکول کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے اس حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں، اور نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے سکول اب صبح 8 بجکر 45 منٹ پر کھلیں گے۔ یہ نیا وقت 28 اکتوبر سے 31 جنوری 2025ء تک لاگو رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بچوں کی اسمبلی اب کلاس روم میں ہی منعقد ہوگی، اور تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں کو معطل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی لاہور میں 31 جنوری 2025ء تک ہر قسم کی آتشبازی پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، عوام کو سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننے، حفاظتی تدابیر اپنانے، گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی قسم کے دھویں کی فوری اطلاع 1373 پر دیں، تاکہ ای پی اے بروقت کارروائی کر سکے۔
انہوں نے شہریوں سے گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنانے کی بھی اپیل کی تاکہ فضائی آلودگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔