جمعہ, 25 اپریل , 2025

عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کی تصدیق کر دی، حکومتی مذاکرات مسترد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو ملکی اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی ہدایت دی تھی۔

منگل کے روز اڈیالہ جیل میں وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے واضح کیا کہ یہ اقدام کسی ذاتی یا قانونی فائدے کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً ملکی مفاد میں کیا گیا ہے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق، عمران خان نے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ سے مکالمے کے دروازے کبھی بند نہیں کیے، تاہم ان کی جماعت نے موجودہ حکومت کے ساتھ بات چیت ختم کر دی ہے کیونکہ ان کے بقول موجودہ سیٹ اپ کو فیصلوں کا اختیار حاصل نہیں۔

ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر، وکلاء ظہیر عباس، مبشر اعوان اور علی عمران شامل تھے۔ اس دوران سینیٹر علی ظفر نے سینیٹر اعظم سواتی کے حالیہ بیان پر عمران خان سے وضاحت طلب کی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی ہدایت دی گئی تھی۔

جواب میں عمران خان نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش صرف پاکستان، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ عدالتی عمل پر یقین رکھتے ہیں اور کسی بھی خفیہ ریلیف کے خواہاں نہیں۔

عمران خان نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ اگرچہ حکومت کے ساتھ بات چیت کا امکان ختم ہو چکا ہے، تاہم وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter