کراچی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اصل رسیدیں دکھا دیں رہا ہو جائیں گے۔
کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں سے رسیدیں مانگتے تھے، جب ان سے رسیدیں مانگی گئیں تو بوگَس رسیدیں نکلیں، ملک کا 50 ارب کھانے کے بعد آپ کہہ رہے ہیں ڈکار بھی نہیں مارنا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کیا کبھی ایسا ہوسکتا ہے آپ کو سستے تحفے ملیں اور گن مین کو مہنگے تحفے ملیں، اپنی رسیدیں مانگنے کی باری کہتے ہیں ہم سے رسیدیں مت مانگیں، یہ انصاف نہیں ’’تحریک انصاف ‘‘ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ 31 دسمبر کو وزیراعظم نے اڑان پاکستان کے نام سے منصوبہ لانچ کیا ہے، ماضی میں 3 اڑانیں کریش ہوتے دیکھ چکے ہیں، اڑان پاکستان سیاست سے بالاتر ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وفاقی منصوبوں کی جانب توجہ دلائی گئی، سندھ میں وفاقی حکومت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی امداد سے چلنے والے منصوبوں پر کام رکنے نہیں دیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی میں وفاق اپنا حصہ ڈال رہا ہے، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی، تخلیقی صنعت کا فروغ ہماری ترجیح ہے، جدت کے باعث عالمی سطح پر انقلاب آگیا ہے، پاکستان نے خطے کے ممالک کے ساتھ معاشی مقابلہ کرنا ہے، ہمیں اس ملک کو باوقار ملک بنانا ہے۔
مخلوط حکومت کے اندر ہلکی پھلکی نوک جھوک چلتی رہتی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ملک کی 2 بڑی جماعتیں ہیں، دونوں پارٹیوں کے اپنے اپنے نظریات ہیں، دو بڑی جماعتیں جدا حیثیت رکھتی ہیں وہ میچور ہیں، دونوں جماعتیں جہاں ملک کا نقصان دیکھتی ہیں وہاں ایک پیج پر آجاتی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ملکی مفاد کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا نظریہ ایک ہے، 2022 کے سیلاب کے بعد تباہی سے نکلنے میں سندھ حکومت کی مدد کریں گے، سب کیساتھ ملکر ہمیں اس ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہے ،وزیرخزانہ این ایف سی کا اجلاس بلا رہے ہیں، یقینا ًمسائل ہیں اور وہ مسائل ہم ہی حل کریں گے۔