جلالپور جٹاں میں طالب علم کے ساتھ زبردستی بدفعلی کر کے ویڈیو وائرل کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بابر سلیم نامی شہری نے 13 مارچ 2025 کو تھانہ صدر جلالپور جٹاں میں رپورٹ درج کروائی کہ اس کا بیٹا، جو گجرات یونیورسٹی کا طالب علم ہے، کئی دنوں سے پریشان تھا۔ وجہ پوچھنے پر اس نے روتے ہوئے انکشاف کیا کہ ملزمان بلال وغیرہ نے اسے اسلحہ کے زور پر ایک ڈیرے پر لے جا کر زبردستی بدفعلی کی اور ویڈیو بھی بنا لی۔ اب ملزمان ویڈیو کا سہارا لے کر اسے بلیک میل کر رہے تھے، اور جب اس نے انکار کیا تو ملزمان نے ویڈیو وائرل کر دی۔
وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر جلالپور جٹاں انسپکٹر فرقان شہزاد نے ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی بیگ کو واقعے سے آگاہ کیا، جنہوں نے فوری مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ملزمان محمد علی (سکنہ سوہل) اور بلال (سکنہ بھاگوال خورد) کو گرفتار کر لیا، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی ایس پی صدر غازی آصف علی بیگ نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور متاثرہ افراد کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔