اسلام آباد، انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔
شہریار آفریدی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں شامل دیگر ملزمان کی ضمانتیں بھی 5 مئی تک زیر سماعت ہیں، لہٰذا اس درخواست کو بھی انہی کے ساتھ سنا جائے۔
عدالت نے شہریار آفریدی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت کی تاریخ 5 مئی مقرر کر دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں نامزد ہیں۔
دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے9 مئی کیسز میں بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ سے متعلق اپیل پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی کا پولی گرافکس اور وائس میچنگ ٹیسٹ ہونا باقی ہے،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 2 ٹیسٹ کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ عدالت میں ایسی بات نہ کریں، ذوالفقار نقوی نے کہا کہ میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔