ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کیا، لیکن بعد میں اسے رہا کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2 دن قبل ممبئی پولیس کے واٹس ایپ نمبر پر ایک پیغام موصول ہوا تھا جس میں سلمان خان کو گھر میں گھس کر جان سے مارنے اور ان کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
بعد ازاں ممبئی پولیس نے شکایت درج کی اور تحقیقات شروع کیں، جس کے نتیجے میں پولیس نے سلمان خان کو دھمکیاں دینے والے شخص کو بھارتی شہر وڈوڈارا سے گرفتار کیا۔
ملزم کی گرفتاری واٹس ایپ نمبر کو ٹریس کرنے کے بعد عمل میں آئی اور وہ گجرات کا رہائشی نکلا، دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کی ذہنی حالت درست نہیں تھی، جس کے بعد اسے نوٹس جاری کرکے رہا کر دیا گیا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سلمان خان ان دنوں اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی کے باندرہ علاقے میں گلیکسی اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں اور گزشتہ سال ان کے اسی گھر پر بشنوئی گینگ سے منسلک شوٹرز نے فائرنگ کی تھی، جس کے بعد اداکار کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا تھا، یہ پانچویں مرتبہ ہے جب سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔