ملک کے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچانے کا الزام، بنگلہ دیش کی معروف ماڈل کو گرفتار کرلیا گیا۔
بنگلہ دیش کی معروف ماڈل اور سابق مس ارتھ بنگلہ دیش میگھنا عالم کو ملک کے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
میگھنا عالم کو جھوٹی معلومات پھیلانے پر اسپیشل پاورز ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق میگھنا عالم نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک سعودی سفارتکار کے خلاف جھوٹی معلومات پھیلائیں، جس کا مقصد بین الاقوامی تعلقات کو خراب کرنا تھا۔
واضح رہے کہ میگھنا عالم کو 9 اپریل کو لائیواسٹریمنگ میں دیکھا گیا جہاں چند افراد ڈھاکہ میں ان کے گھر داخل ہوئے جو خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔
ویڈیو کے دوران میگھنا عالم اہلکاروں سے بار بار کہتی رہیں کہ وہ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں۔ بعد ازاں انہیں حراست میں لے کر کاشی پور جیل منتقل کر دیا گیا، جہاں ایک عدالت نے ان کے 30 روزہ ریمانڈ کی منظوری دے دی۔
خیال رہے کہ میگھنا عالم 30 سالہ ماڈل، اداکارہ اور ماحولیاتی کارکن ہیں۔ خاصی شہرت اس وقت ملی جب وہ 2020 میں "مس ارتھ بنگلہ دیش” کا اعزاز جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔