ریسکیو 1122 گجرات نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے, فیصل آباد سے جھلسے ہوئے مریض کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے گجرات ایئر اسٹرپ پر موصول کیا۔
گجرات: ریسکیو 1122 گجرات نے ایک اور تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے فیصل آباد سے جھلسے ہوئے مریض کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے گجرات ایئر اسٹرپ پر موصول کیا، جہاں سے ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے مریض کو کھاریاں کے نجی ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کیا۔
ریسکیو ٹیم نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، چابک دستی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریض کی زندگی بچانے کی خاطر تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق، جھلسنے کے باعث مریض کے چہرے پر شدید سوجن ہے، جس کی وجہ سے آنکھیں کھولی نہیں جا سکیں۔ چہرہ، گردن اور منہ کے اندرونی حصے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جن میں زبان، buccal mucosa اور منہ کے کونوں پر شدید جلن کے آثار پائے گئے۔
مزید معائنے کے مطابق، مریض کے سینے کے اگلے حصے اور دائیں اوپری پیٹ پر گہرے زخم موجود ہیں، جو مجموعی طور پر جسم کی 14 سے 15 فیصد سطح پر محیط ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق، مریض کی حالت تشویشناک مگر مستحکم ہے، اور برن یونٹ میں مکمل نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے اس بروقت اور مؤثر اقدام کو ضلعی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جو اس امر کی دلیل ہے کہ ادارہ ایمرجنسی سروسز کی فراہمی میں ہر لمحہ مستعد اور عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔