راولپنڈی: راولپنڈی اور جہلم میں آندھی اور طوفانی بارشوں کے دوران دیواریں گرنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔
جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے محلہ شہیداں میں لوڈر گاڑی پر ڈیرے کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق اور چار زخمی ہوئے، جنہیں راولپنڈی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
دیوار گرنے کا دوسرا واقعہ پڑی درویزہ میں پیش آیا، جس میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، جبکہ نواحی علاقے سہالہ میں دیوار گرنے کے تیسرے واقعے میں ایک بچہ اور نوجوان شدید زخمی ہوئے۔
راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں مسجد کی دیوار گرنے سے 24 سالہ موسیٰ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا، جس کا تعلق ہزارہ کالونی سے تھا، اور اس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں تیز ہواؤں، بارش اور شدید ژالہ باری نے شہریوں کو نہ صرف حیران کر دیا بلکہ گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں شام کے وقت اچانک موسم کی تبدیلی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ منسٹر انکلیو کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہو گئے۔