اسلام آباد، وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہر پالیسی کا مرکز عوام کی فلاح و بہبود ہے، حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمے کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں یہ کہا کہ ہم عالمی برادری کیساتھ مل کر ایک ایسی دنیا کے لیے پر عزم ہیں جہاں ہر فرد کے لیے کامیابی کے مواقع یکساں ہوں، غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فرض نہیں ہے، بلکہ قومی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات بھی انتہائی اہم ہیں، ہمیں مہنگائی سمیت بین الااقوامی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت اپنے لوگوں کی زندگی کو مزید آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے سے لیکر رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے تک، ہم طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی پالیسیوں پر ورک کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بین الااقوامی شراکت داروں کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے، جامع ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، اور ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے اہداف کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔
دوسری جانب نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں یہ کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف آئینی ترامیم سے متعلق اتحادیوں سے بلیک میل کیوں ہو رہے ہیں؟
لیاقت بلوچ نے کہا کہ بدنیتی پر مبنی ہارس ٹریڈنگ کیساتھ آئینی ترامیم سیاسی عدم استحکام کو گھمبیر کر دے گی، ایس سی او کانفرنس کی آڑ لیکر حکومت پاکستان کی بھارت سے تعلقات کی بحالی منظور نہیں۔