سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کو برطانیہ میں ٹیکس نادہندہ قرار دیتے ہوئے ان پر 5.2 ملین پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
برطانوی حکومت کی جاری کردہ تازہ فہرست میں حسن نواز کا نام ٹیکس نادہندگان میں شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، حسن نواز نے 5 اپریل 2015 سے 6 اپریل 2016 کے درمیان تقریباً 9.4 ملین پاؤنڈ کا ٹیکس ادا نہیں کیا۔
برطانوی ٹیکس حکام نے اس عدم ادائیگی پر حسن نواز پر5.2 ملین پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق، حسن نواز کے دیوالیہ ہونے کے باوجود ان پر عائد جرمانے کی وصولی ممکن ہے، کیونکہ برطانوی قوانین کے تحت ٹیکس چوری کے جرمانے دیوالیہ ہونے کی صورت میں بھی ختم نہیں کیے جاتے۔
برطانوی حکومت نے حسن نواز سے متعلق تفصیلات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ حسن نواز سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مریم نواز کے بھائی ہیں۔ وہ برطانیہ میں مقیم ہیں اور وہاں کاروباری سرگرمیوں میں مصروف رہے ہیں۔
حسن نواز خود براہِ راست سیاست میں متحرک نہیں رہے، لیکن وہ شریف خاندان کے قریبی افراد میں شمار ہوتے ہیں، ان کا زیادہ تر کردار کاروباری اور خاندانی معاملات تک محدود رہا ہے، تاہم مختلف قانونی اور مالی معاملات کی وجہ سے وہ خبروں میں آتے رہے ہیں۔