جمعہ, 25 اپریل , 2025

جنگلات میں آگ لگانے اور درختوں کی غیرقانونی کٹائی کی سیٹلائٹ نگرانی کا آغاز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، جنگلات میں آگ لگانے اور درختوں کی غیرقانونی کٹائی کرنے والوں کے لیے مشکلات بڑھ گئیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے جنگلات میں جدید ترین تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے 24 گھنٹے سیٹلائٹ نگرانی کا نظام متعارف کر دیا گیا۔

latest urdu news

رپورٹ کے مطابق، پنجاب تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے، مری اور راولپنڈی کے جنگلات میں اس جدید ٹیکنالوجی کے تحت نگرانی اور رات کے اوقات میں گشت کا آغاز ہو چکا ہے، تھرمل امیجنگ کے ذریعے جنگل میں آگ، درختوں کی کٹائی اور غیرقانونی سرگرمیوں کا فوری پتہ لگایا جا سکے گا۔

یہ ٹیکنالوجی درجہ حرارت کی پیمائش کرتی ہے اور سیٹلائٹ کے ذریعے حاصل شدہ تصاویر اور لائیو فیڈ سے علاقے میں ہونے والی تمام سرگرمیوں کی نشاندہی ممکن بناتی ہے، اس منصوبے کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم کے ذریعے چلایا جائے گا۔

خودکار نظام کسی بھی غیرمعمولی سرگرمی کی فوری نشاندہی کرے گا اور ڈیٹا پروسیسنگ، تجزیہ اور رپورٹس کی فراہمی بھی یقینی بنائے گا۔ تھرمل امیجنگ جدید ترین الگوریتھم کی مدد سے کام کرے گی، اور ترقی یافتہ ممالک کی طرح اس ٹیکنالوجی کو زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کے منصوبوں کے فروغ کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، جنگلی حیات اور جنگلاتی وسائل کے تحفظ میں بھی یہ نظام مددگار ثابت ہوگا۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ نہ درخت کاٹنے دیں گے، نہ جنگل میں آگ لگنے دیں گے اور نہ ہی غیرقانونی شکار ہونے دیں گے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے شہری اور جنگلاتی علاقوں میں مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے بھی تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter