کوئٹہ، ایس ایس پی غلام سرور کے مطابق نصیر آباد میں پولیس نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی اور 8 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔
ایس ایس پی غلام سرور کا کہنا تھا کہ یہ مواد تھانہ سٹی کی حدود میں پٹ فیڈ پل جھکڑا محلہ کے قریب جھاڑیوں میں چھپایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ دھماکہ خیز مواد یوم پاکستان کے موقع پر دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا، تاہم بروقت کارروائی سے ممکنہ تباہی کو روکا گیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگزئی کی بیٹی کی جانب سے نجی ایئرلائن کی ایئر ہوسٹس پر تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
یہ واقعہ 18 مارچ کو کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز میں پیش آیا، جہاں سابق کمشنر افتخار جوگزئی اپنی بیٹی صائمہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے، اطلاعات کے مطابق، دونوں نے کوئٹہ ایئرپورٹ پر چیک ان کے دوران بھی عملے کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
پرواز کے دوران، ایئر ہوسٹس نے صائمہ جوگزئی سے سیٹ بیلٹ باندھنے اور کھانے کی میز بند کرنے کی درخواست کی، جس پر وہ مشتعل ہوگئیں۔ مبینہ طور پر، سابق کمشنر اور ان کی بیٹی نے عملے کے ساتھ بدتمیزی کی اور طیارے میں شور شرابہ شروع کر دیا۔