پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی بیٹے کی حمایت میں دوبارہ سوشل میڈیا پر سرگرم ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے والد، اعظم صدیقی، اپنے بیٹے کی حمایت میں دوبارہ سوشل میڈیا پر متحرک ہو گئے ہیں۔ دو ہفتے قبل انہوں نے سوشل میڈیا سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا، لیکن بابر اعظم کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر دوبارہ سے سرگرم ہوگئے ہیں۔
اعظم صدیقی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ بابر اعظم جلد میدان میں واپسی کرے گا اور فارم میں نظر آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی نے بابر کو آرام کرنے کا موقع دیا ہے اور ہم اللہ کی رضا سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مثبت رہنے کا پیغام دیا۔
اس کے برعکس، سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی موجودہ پرفارمنس کے حوالے سے بیان دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑی جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کی، وہی پاکستان کے لیے جیت لے کر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی جیکرز نے پچھلے تین سالوں میں کچھ نہ کیا، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑیوں نے اپنی محنت سے کامیابیاں دلائیں۔
ادھر، سابق کرکٹر باسط علی نے عاقب جاوید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوستیاں نبھانے کی بجائے میرٹ پر فیصلے کیے ہیں۔ باسط علی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان میں کچھ لوگ اسپن وکٹیں تیار نہیں کرنے دیتے کیونکہ وہ بیٹنگ کی پرفارمنس کو متاثر نہیں کرنا چاہتے۔