ایم کیو ایم پاکستان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کے حوالے سے مشاورت کے لیے رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔
پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق نے بتایا کہ پارٹی نے رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے، جس میں حکومت سے علیحدگی اور اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ مرکزی کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ایم کیو ایم آزاد حیثیت میں رہے گی یا اپوزیشن کا حصہ بنے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ شہباز شریف وزیراعظم بنیں، تاہم ایم کیو ایم کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ شہباز شریف حکومت نے سندھ اور حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں پر جو وعدے کیے تھے، وہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں بھی وفا نہ ہو سکے، جس کی وجہ سے کراچی اور حیدرآباد کے مسائل جوں کے توں ہیں۔
امین الحق نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کا ایم کیو ایم کے حوالے سے رویہ مثبت دکھائی نہیں دیتا، ترقیاتی منصوبے ٹھپ ہو چکے ہیں، اور ایسے حالات میں پارٹی حکومت سے علیحدگی اور اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے پر غور کر رہی ہے۔