امریکی ریاست مینیسوٹا سے تعلق رکھنے والی ایک پالتو بلی ’’پگسلے‘‘ نے اپنی 18.5 انچ لمبی دم کی بدولت گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کر لیا۔
بلی کی مالکن امانڈا کیمرون کے مطابق، پگسلے کی دم شروع سے ہی غیر معمولی طور پر لمبی تھی۔ یہاں تک کہ جب وہ پہلی بار جانوروں کے کلینک لے کر گئیں تو ڈاکٹر نے اس کی دم کی لمبائی پر حیرت کا اظہار کیا۔
چھ ماہ بعد، جب دوبارہ ڈاکٹر نے اس کا ذکر کیا تو امانڈا کے بچوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں لمبی دم کے ریکارڈ پر تحقیق کی اور بالآخر پگسلے کو عالمی ریکارڈ مل گیا۔
امانڈا نے بتایا کہ پگسلے نہایت دوستانہ اور پرسکون بلی ہے۔ وہ ایسے حالات میں بھی پرسکون رہتی ہے، جو عام بلیوں کے لیے خوفناک ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: "ہماری بلی نرم دل اور ہمیشہ صاف ستھری رہتی ہے۔ جب ہم اسے باہر لے کر جاتے ہیں، تو لوگ اسے مقامی مشہور شخصیت کہتے ہیں۔ ہر کوئی اس کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے اور اس کے آرام دہ رویے کو پسند کرتا ہے۔”
پگسلے کی یہ منفرد خصوصیت اسے دنیا کی سب سے لمبی دم رکھنے والی بلی بناتی ہے اور اب وہ عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔