واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو بھیجے گئے ایک خط میں نیا جوہری معاہدہ کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دے دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق، صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی اعلیٰ حکام کو ارسال کیے گئے اس خط میں جوہری معاہدے پر ازسرنو مذاکرات کی تجویز دی گئی ہے، ساتھ ہی تہران کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اس نے جوہری پروگرام جاری رکھا تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹس کے مطابق، امریکی صدر نے رواں ماہ کے آغاز میں ایرانی قیادت کو یہ خط بھیجا تھا، جبکہ وائٹ ہاؤس نے اس خط کے مندرجات سے اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو بھی آگاہ کر دیا تھا۔
دوسری جانب امریکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکا دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، ہمیں اپنے قریبی ممالک کی صورتحال پر بھی تشویش رہتی ہے، اگر چاہیں تو وائٹ ہاؤس سے بھی اس بارے میں دریافت کر سکتے ہیں۔