ایس سی او اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کی حدود میں کسی غیرقانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔
وزارت داخلہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر شہر اقتدار اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے چیف کمشنر اسلام اور آئی جی اسلام آباد کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں کسی غیرقانونی اجتماع کی اجازت نہیں، ایس سی او اجلاس کے موقع پر کسی قسم کا احتجاج یا لاک ڈاؤن نہیں ہوسکتا۔
وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج یا لاک ڈاؤن کو روکنے کے احکامات جاری کیے گئے لہٰذا ضلعی انتظامیہ فول پروف سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، اس روز شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ہوگا۔