نیویارک سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ میکری فوکس نے اپنی زندگی کی سب سے قیمتی خواہش اس وقت پوری کرلی جب انہوں نے آرکنساس کے مشہور کریٹر آف ڈائمنڈ اسٹیٹ پارک سے اپنی منگنی کی انگوٹھی کے لیے ہیرا تلاش کیا۔
میکری فوکس جولائی میں اس پارک پہنچیں اور تقریباً ایک ماہ تک ہیروں کی تلاش میں وقت گزارا۔ ان کی یہ محنت اس وقت رنگ لائی جب اپنی کھوج کے آخری دن انہوں نے زمین پر ایک 2.30 قیراط وزنی ہیرا دریافت کیا۔
پارک انتظامیہ کے مطابق یہ ہیرا رواں سال وہاں دریافت ہونے والے 366 ہیروں میں سے تیسرا سب سے بڑا ہیرا ہے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ “میں نے کبھی حقیقی ہیرا اپنے ہاتھوں میں نہیں دیکھا تھا، شروع میں مجھے یقین نہیں آیا کہ یہ اصلی ہے، مگر یہ حقیقت ہے۔”
یہ پارک دنیا کا واحد مقام ہے جہاں عام افراد کو ہیروں کی تلاش کی اجازت ہے۔ یہاں آنے والے لوگ اپنے آلات ساتھ لا سکتے ہیں یا پارک سے کرائے پر لے سکتے ہیں، اور جو کچھ بھی ملے وہ ان کی ملکیت ہوتا ہے۔
’سونا، ہیرے اور شان و شوکت‘، دنیا کے مہنگے ترین موبائل فونز جن کی قیمت سن کر آپ حیران رہ جائیں گے
میکری فوکس نے دو سال قبل فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنی منگنی کی انگوٹھی کے لیے ہیرا خود تلاش کریں گی تاکہ یہ ان کی محنت اور خود اعتمادی کی علامت بنے۔ ان کے والدین اور منگیتر نے بھی ان کے اس فیصلے کی مکمل حمایت کی۔
اپنے آخری دن کی تلاش کے دوران انہوں نے زمین پر ایک چمکدار پتھر دیکھا، جو ابتدا میں مکڑی کے جال کی روشنی کا دھوکہ لگا، مگر قریب جا کر پتا چلا کہ یہ تو قیمتی ہیرا ہے۔ پارک عملے نے بھی اس دریافت کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ 1996 سے اب تک اس پارک میں 75 ہزار سے زائد ہیروں کی دریافت ہوچکی ہے، جن میں سب سے بڑا ہیرا 40.23 قیراط وزنی تھا جو اب میوزیم میں موجود ہے۔