حمیرا کی آخری کال پر کیا ہوا؟ اداکارہ کے والدین نے بیٹی کی موت کو قتل قرار دے دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے والدین نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے پہلی بار میڈیا سے بات کی ہے، جس میں انہوں نے بیٹی سے تعلق ختم کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے حمیرا کی موت کو قتل قرار دیا ہے۔

latest urdu news

مقامی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں حمیرا کے والد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹی سے بے حد محبت کرتے تھے اور شوبز میں آنے کی اجازت بھی خود دی تھی۔ ان کے مطابق، ’’حمیرا میری سب سے چھوٹی بیٹی اور لاڈلی تھی، اسے آرٹ کا شوق بچپن سے تھا، کراچی بھی وہ میری رضامندی سے گئی تھی۔‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں حمیرا کی موت کی اطلاع ایک رشتے دار نے دی، اور پوسٹ مارٹم سے قبل لاش وصول نہ کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ والد نے شکوہ کیا کہ ’’جس انداز میں حمیرا کی لاش ملی، وہ خودکشی نہیں بلکہ قتل معلوم ہوتا ہے۔ قاتل نے نہ صرف اس کی سمز بند کیں بلکہ لاش کو فلیٹ کے اسٹور میں پھینک کر دروازہ باہر سے بند کر دیا۔‘‘

حمیرا کی والدہ نے بھی دل دہلا دینے والی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں بیٹی کی موت کی اطلاع ٹی وی پر ملی۔ ان کے مطابق، ’’میں کئی دن سے پریشان تھی، کیونکہ اس کا فون بند جا رہا تھا۔ کراچی میں ہمارا کوئی قریبی رشتے دار بھی نہیں تھا جس سے خیریت دریافت کرتے۔‘‘

والدہ نے بتایا کہ حمیرا سے آخری مرتبہ اگست 2024 کے اختتام پر بات ہوئی تھی۔ اس موقع پر اداکارہ نے فون پر روتے ہوئے کہا، ’’امی، میں بہت پریشان ہوں۔ یہاں میرا کوئی پرسان حال نہیں، میری سمز بلاک کر دی گئی ہیں۔‘‘ اس کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ’’میں نے بیٹی کو بار بار کالز کیں، مگر نمبر مسلسل بند رہا۔ عید پر بھی ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ روزانہ شوہر سے کہتی تھی کہ بیٹی کا پتا کریں۔‘‘

پولیس کے مطابق حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ تفتیشی حکام نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ موت کے وقت اداکارہ مالی مشکلات کا شکار تھیں اور ان کے گھر سے کرائے کی رسیدیں اور بلز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ادھر اداکارہ سے ان کے آخری دنوں میں رابطے میں رہنے والے افراد کی فہرست بھی تفتیشی ٹیم نے حاصل کر لی ہے، جس کی بنیاد پر مزید پوچھ گچھ جاری ہے

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter