ملائیشیا کے وزیراعظم محمد انور ابراہیم نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ان کا ملک پاکستان سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
انہوں نے یہ بات پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
انور ابراہیم نے کہا کہ وقت کے ساتھ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات میں گہرائی آئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاک-بھارت تعلقات کی بہتری کو بھی اہم قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف، جو دو روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا میں موجود ہیں، نے کوالالمپور پہنچنے پر ملائیشین حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملائیشیا کو "اپنا دوسرا گھر” قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو "مثالی” قرار دیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں: وزیر اعظم
شہباز شریف نے انور ابراہیم کی تحریر کردہ کتاب "اسکرپٹ” کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان علمی اور فکری پل کا کردار ادا کرے گی۔
پریس کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان نے اس بات کا خیر مقدم کیا کہ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کا معاہدہ طے پایا ہے، اور اس تجارت کو مزید وسعت دینے کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے تجربات اور وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے انور ابراہیم کو "باصلاحیت اور مدبر رہنما” قرار دیتے ہوئے ان کے سابقہ دورۂ پاکستان کو یادگار قرار دیا۔
قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف کی آمد پر انہیں ملائیشیا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔