امریکی ریاست واشنگٹن میں شہد کی مکھیاں لے جانے والا ٹرک الٹ گیا، ڈھائی سو ملین مکھیاں آزاد ہو گئیں، حکام نے متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی۔
واشنگٹن ، امریکی ریاست واشنگٹن میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب شہد کی مکھیاں لے جانے والا ایک ٹرک کینیڈا کی سرحد کے قریب الٹ گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی سو ملین شہد کی مکھیاں اچانک فضا میں آزاد ہو گئیں،بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس ٹرک میں تقریباً 31 ہزار کلوگرام وزنی مکھیوں کے چھتے موجود تھے جنہیں مخصوص فارم پر منتقل کیا جا رہا تھا۔
حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز حرکت میں آئیں اور مقامی حکام نے ماہر مکھی پال حضرات کی مدد حاصل کی تاکہ زیادہ سے زیادہ مکھیاں محفوظ کی جا سکیں، حکام نے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی سختی سے ہدایت دی ہے، جبکہ مقامی شیرف آفس کے مطابق جائے وقوعہ کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک ریسکیو اور کلیئرنس کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں مکھیاں الٹے ہوئے ٹرک کے گرد منڈلا رہی ہیں،حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے بہت سی مکھیاں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دوبارہ اپنے چھتوں کی طرف لوٹ سکتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر پولیس نے ان 20 سے زائد مکھی پال حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، اس واقعے نے مقامی کمیونٹی میں تشویش پیدا کر دی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق بروقت اقدامات کے باعث بڑے نقصان سے بچا جا سکا۔
یاد رہے کہ شہد کی مکھیاں صرف شہد پیدا کرنے کے لیے ہی اہم نہیں بلکہ زرعی فصلوں کی پولی نیشن (بارآوری) میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اور ان کی غیر موجودگی فصلوں کی پیداوار پر سنگین اثر ڈال سکتی ہے۔