اتوار, 15 جون , 2025

گلگت بلتستان میں المناک حادثہ، باراتیوں کی گاڑی دریا میں جا گری، دلہا سمیت 6 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

گلگت بلتستان کے ضلع نگر کے علاقے چھلت نگر میں خوشیوں بھرے سفر کو افسوسناک حادثے نے غم میں بدل دیا۔ باراتیوں کی گاڑی خطرناک پہاڑی موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب باراتی دلہن کو لینے جا رہے تھے، کہ گاڑی تیز رفتاری اور دشوار گزار راستے کے باعث قابو سے باہر ہو گئی اور سیدھا دریا میں جا گری۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے جن میں دلہا بھی شامل ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں، اور اب تک تین افراد کی لاشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں، تاہم تیز بہاؤ اور سنگلاخ چٹانوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر جمع ہو گئے ہیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

حادثے نے پورے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے، اہل علاقہ غم سے نڈھال ہیں اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں ناقص سڑکوں، حفاظتی ریلنگ کی عدم موجودگی اور تیز بہاؤ والے دریاؤں کے قریب سفر ہمیشہ خطرات سے بھرپور رہا ہے۔ ماضی میں بھی ایسے کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لیکن تاحال حکومت کی طرف سے مستقل حفاظتی اقدامات کا فقدان نظر آتا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter