سالِ نو کا پہلا سپر مون آج رات آسمان پر جلوہ گر ہوگا، جس میں پورا چاند اپنے معمول سے بڑا اور زیادہ چمکدار نظر آئے گا۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق سپر مون دیکھنے کا بہترین وقت چاند کے طلوع ہونے کے فوری بعد رات کے ابتدائی حصے میں ہے۔
پاکستان میں سپر مون کا آغاز شام 5 بجکر 51 منٹ پر ہوگا۔ سپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ اپلنٹیکل ریسرچ کمیٹی) کے مطابق یہ سپر مون چاند کے عام ظاہری حجم کے مقابلے میں تقریباً 6 سے 7 فیصد بڑا دکھائی دے گا۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق یہ سپر مون روایتی طور پر "وولف مون” کے نام سے جانا جاتا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق سپر مون اس وقت پیدا ہوتا ہے جب چاند زمین کے معمول کے فاصلے کے مقابلے میں زیادہ قریب آ جاتا ہے۔ اس اضافی قربت کی وجہ سے چاند زمین سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے، جو آسمان پر ایک شاندار منظر پیش کرتا ہے۔
رواں سال کا پہلا سپر مون آج آسمان پر، چاند معمول سے زیادہ بڑا اور روشن
یہ سپر مون اکتوبر 2025 میں شروع ہونے والے سپر مون سلسلے کا آخری سپر مون بھی ہوگا، اس لیے فلکیات کے شوقین افراد اور آسمان دیکھنے والے آج رات آسمان کی جانب نظریں مرکوز کریں گے تاکہ سالِ نو کے پہلے سپر مون کا نظارہ کر سکیں۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ اس رات صاف آسمان والے علاقوں میں سپر مون کو سب سے بہتر طور پر دیکھا جا سکتا ہے، اور لوگ چاہیں تو اس لمحے کو فوٹوگرافی کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
