نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کو آبدیدہ کر دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی شہریوں سے ملاقات کے دوران اُس وقت اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے جب ایک پاکستانی خاتون کی سادہ مگر دل کو چھو لینے والی گفتگو نے فضا کو جذباتی بنا دیا۔

latest urdu news

یہ منظر دیکھنے والوں کے دلوں کو بھی چھو گیا اور اس ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق میئر منتخب ہونے کے بعد ظہران ممدانی نے نیویارک کے شہریوں کے لیے سٹی ہال کے دروازے کھول دیے، جہاں انہوں نے ایک ہی دن میں 142 شہریوں سے بالمشافہ ملاقات کی۔ ان نشستوں کا مقصد شہریوں کے مسائل براہِ راست سننا اور شہر کو درپیش چیلنجز پر کھل کر گفتگو کرنا تھا۔

ان ملاقاتوں کے دوران شہریوں نے مہنگائی، رہائش کے مسائل، صحت، تعلیم اور روزگار جیسے اہم موضوعات پر اپنی مشکلات بیان کیں۔ ظہران ممدانی نے نہایت توجہ اور تحمل سے ہر شہری کی بات سنی اور ممکنہ حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ظہران ممدانی نے پہلے ہی دن سابق میئر کے تمام فیصلے منسوخ کر دیے

اسی سلسلے میں ایک پاکستانی خاتون بھی میئر سے ملاقات کے لیے آئیں۔ گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ ان کی انگریزی بہت اچھی نہیں، اسی لیے وہ کچھ نکات لکھ کر ساتھ لائی ہیں۔ انہوں نے اپنا نام ثمینہ بتایا اور مسکراتے ہوئے میئر سے پوچھا کہ کیا وہ اردو بول سکتے ہیں۔

اس پر ظہران ممدانی نے خوش دلی سے جواب دیا کہ وہ اردو پڑھ نہیں سکتے مگر بول سکتے ہیں۔ یہ سن کر خاتون نے بتایا کہ ان کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے۔ لاہور کا نام سنتے ہی میئر کے چہرے پر مسکراہٹ آ گئی اور انہوں نے کہا کہ لاہور ایک نہایت خوبصورت شہر ہے اور وہ خود بھی ایک مرتبہ وہاں جا چکے ہیں۔

ثمینہ نے ظہران ممدانی کو میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایسے دور میں جب دنیا نفرت، تقسیم اور بے یقینی کا شکار ہے، آپ نے لوگوں کے دلوں میں نرمی، امید اور اعتماد پیدا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کی عمارتیں تو پہلے بھی شاندار تھیں، مگر آپ کی آمد نے یہاں کے لوگوں کے دل بدل دیے ہیں۔

خاتون کے یہ خلوص بھرے اور محبت سے لبریز الفاظ سن کر ماحول جذباتی ہو گیا اور ظہران ممدانی کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ یہ لمحہ وہاں موجود افراد کے لیے بھی انتہائی متاثر کن تھا۔

واضح رہے کہ 34 سالہ ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں اور صدی کے کم عمر ترین میئر ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں سٹی ہال میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، جہاں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج سے نیویارک میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور وہ بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب تمام شہریوں کے میئر ہوں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter