چین میں ایک ایسا حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جسے معجزہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ایک 4 سالہ بچی جو بلند و بالا عمارت کی 20ویں منزل سے گر گئی تھی، اسے 14ویں منزل پر موجود ایک بہادر خاتون نے بچا لیا۔
یہ واقعہ چین کے صوبہ ہونان میں پیش آیا اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
خاتون وو یومے (Wu Yumei) اپنے اپارٹمنٹ کی 14ویں منزل پر رات کے کھانے کی تیاری میں مصروف تھیں کہ اچانک ایک زور دار آواز نے ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔ کھڑکی سے جھانکنے پر انہوں نے دیکھا کہ ایک ننھی بچی 13ویں منزل کی کھڑکی کے چھجے سے لٹکی ہوئی ہے۔
خاتون نے بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر بچی کا ہاتھ مضبوطی سے تھام لیا اور اپنے 16 سالہ بیٹے کو پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دینے کو کہا۔
ٹک ٹاک اسٹار کا کارنامہ،سائیکل پر ایفل ٹاور کی سیڑھیاں چڑھ کر نیا عالمی ریکارڈ
وو یومے نے بچی کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا: "گھبراؤ مت، مدد آنے والی ہے”۔ کچھ ہی دیر بعد عمارت کے دیگر رہائشی بھی مدد کے لیے پہنچے اور دو افراد نے آ کر خاتون کی جگہ سنبھالی تاکہ وہ بچی کو تھامے رکھیں۔
پولیس اور فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر 14ویں منزل کی کھڑکی کو توڑا، رسیوں کے ذریعے حفاظتی اقدامات کیے اور بچی کو کامیابی سے عمارت کے اندر کھینچ لیا۔
خاتون کو بعد میں معلوم ہوا کہ بچی کو بچاتے وقت ان کے ہاتھ زخمی ہو گئے تھے۔ جبکہ معائنے کے بعد پتا چلا کہ بچی مکمل طور پر محفوظ ہے اور اسے کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی۔
وو یومے نے میڈیا کو بتایا کہ بچی کو گرنے سے بچاتے وقت وہ سخت خوفزدہ تھیں اور مسلسل رو رہی تھیں، انہیں خدشہ تھا کہ بچی ان کے ہاتھ سے نہ پھسل جائے۔ انہوں نے مزید کہا:
"جب وہ بچی محفوظ ہو گئی تو میری ٹانگیں جواب دے گئیں، میں وہیں فرش پر گر گئی لیکن دل سے خوش تھی کہ ایک زندگی بچا لی۔”
اگلے دن بچی کے والدین نے خاتون سے ملاقات کی اور ان کی بہادری اور انسانیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ واقعہ نہ صرف انسانی ہمدردی کی ایک شاندار مثال ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ بروقت جرات مندانہ اقدام کس طرح زندگی کو بچا سکتا ہے۔