33
گجرات میں چوری، ڈکیتی، راہزنی اور چھینا جھپٹی جیسی سنگین وارداتیں روزمرہ کا معمول بنتی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری شدید خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شہر میں روزانہ کی بنیاد پر 3 سے 7 موٹر سائیکلیں چوری کی جا رہی ہیں، جبکہ گلی محلوں، بازاروں اور سڑکوں پر راہگیروں سے لوٹ مار اور خواتین سے پرس و موبائل چھیننے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گجرات پولیس مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، نہ تو ملزمان کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور نہ ہی چوری شدہ سامان کی برآمدگی ممکن بنائی جا رہی ہے، متاثرین کو صرف ایف آئی آر کے کاغذ تھما دیے جاتے ہیں اور اس کے بعد پولیس کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوتی۔
عوامی حلقوں، تاجروں اور سول سوسائٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور پولیس میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیاں لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔