زاہدان میں جوڈیشل کمپلیکس پر دہشتگرد حملہ، 5 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

زاہدان ، ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر زاہدان میں واقع جوڈیشل کمپلیکس پر مسلح دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 13 زخمی ہوئے ہیں،دہشتگرد عدالتی عمارت کے اندر داخل ہوئے اور ججز کے چیمبرز سمیت مختلف دفاتر میں اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے، جس سے خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔

latest urdu news

سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا اور عمارت کو کلیئر کرایا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں اور ایرانی میڈیا کے مطابق کالعدم مسلح گروہ "جیش العدل” نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ جیش العدل ایران کے بلوچ اکثریتی علاقوں میں سنی اکثریتی عسکری گروہ کے طور پر جانا جاتا ہے، جو ماضی میں بھی سیکیورٹی اہلکاروں اور ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔

ایران کی وزارتِ داخلہ اور جوڈیشل کونسل نے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعے کو ریاستی اداروں پر بزدلانہ حملہ قرار دیا ہے۔ ایرانی حکام نے کہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter