بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ تمنا بھاٹیا نے ویرات کوہلی اور سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق کے ساتھ مبینہ تعلقات سے متعلق برسوں سے گردش کرتی افواہوں پر پہلی بار خاموشی توڑ دی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران تمنا بھاٹیا نے ان دونوں کرکٹرز سے جڑے واقعات کی حقیقت کھول کر بیان کی۔ ویرات کوہلی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ:
"میں ان سے صرف ایک بار، ایک دن کے لیے ملی تھی۔ وہ بھی ایک کمرشل شوٹ کے دوران۔ اس کے بعد نہ کوئی بات ہوئی، نہ ملاقات۔ یہ سب افواہیں بے بنیاد تھیں۔”
تمنا اور کوہلی کی ایک پرانی تصویر 2010 میں ایک اشتہاری شوٹ کے دوران لی گئی تھی، جس کے بعد ان کے تعلقات کی قیاس آرائیاں میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر زور پکڑ گئی تھیں۔
اسی طرح 2020 میں تمنا بھاٹیا اور سابق پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق کی ایک جیولری شاپ کی تصویر وائرل ہوئی، جس میں دونوں ایک تقریب میں شریک تھے۔ اس تصویر کو بنیاد بنا کر ان کی "خفیہ شادی” تک کی خبریں بنائی گئیں۔
اداکارہ نے اس پر ہنستے ہوئے کہا:
"انٹرنیٹ واقعی ایک دلچسپ جگہ ہے۔ مذاق مذاق میں، عبدالرزاق! معاف کیجیے گا سر، آپ کے تو بچے ہیں، اور انٹرنیٹ نے میری آپ سے شادی بھی کروا دی!”
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ تصویر دراصل ایک جیولری اسٹور کے افتتاح کی تھی، جہاں وہ اور عبدالرزاق محض اتفاقاً شریک ہوئے تھے، اور ان کے درمیان کسی قسم کے ذاتی تعلقات کبھی نہیں رہے۔
تمنا بھاٹیا نے مزید کہا:
"سب سے عجیب بات یہ ہے کہ جب آپ کا کسی سے کوئی تعلق نہ ہو اور لوگ اپنی طرف سے کہانیاں گھڑ لیں۔ وقت کے ساتھ سمجھ آ جاتا ہے کہ آپ ہر کسی کو صفائی نہیں دے سکتے۔ جو لوگ چاہیں، وہی سوچیں گے۔”
اداکارہ کا یہ ردعمل سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی حاصل کر رہا ہے، جہاں مداح ان کی صاف گوئی اور مزاحیہ انداز کو سراہ رہے ہیں۔