نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے القاسم انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے سپیشل بچے ضلع جہلم کا فخر بن گئے۔
ان بچوں نے ثابت کیا کہ ظاہری معذوری ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں سے سب کو متاثر کیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے فاتح بچوں کو میڈل پہنائے اور انہیں دل کھول کر شاباش دی۔ ڈپٹی کمشنر نے انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ اور طلبا کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے معاشرے کا روشن چہرہ ہیں، جنہوں نے اپنی مجبوری کو طاقت میں تبدیل کیا اور دوسروں کے لیے مثال قائم کی۔
انہوں نے ادارے کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا، جس کی بدولت یہ بچے قومی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکے۔ ان بچوں کی شاندار کامیابی نے ضلع جہلم کے لیے فخر اور عزت کا مقام پیدا کیا۔ القاسم انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کی حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
