اتوار, 1 جون , 2025

صبا قمر کا بچوں کی شادیوں کے خلاف ویڈیو پیغام، یونیسف کی نئی مہم کا آغاز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے پاکستان میں بچوں کی شادیوں کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک نئی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے لیے معروف اداکارہ اور یونیسف کی قومی سفیر برائے حقوقِ اطفال، صبا قمر کو متحرک کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد کم عمری کی شادیوں سے پیدا ہونے والے سماجی، تعلیمی اور صحت سے متعلق خطرات کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔

latest urdu news

اس حوالے سے صبا قمر نے ایک جذباتی ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ "ہمیں خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستان میں کسی بچے کو ایسی شادی پر مجبور کیوں کیا جائے جو اس نے خود چنی ہی نہیں؟” انہوں نے سوال اٹھایا کہ صحت اور تعلیم جیسے اہم خدشات کے باوجود ہم کم عمر شادی جیسے سنگین مسئلے کو کیسے نظرانداز کر سکتے ہیں؟

صبا قمر نے سندھ کے ضلع سجاول کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ برس یونیسف کے تعاون سے وہاں گئیں، جہاں انہیں کئی متاثر کن کہانیاں دیکھنے کو ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وہاں ایک 14 سالہ لڑکی، انعم نذیر سے ملاقات کی، جس نے اپنی برادری میں تین کم عمر شادیاں رکوا دیں۔ صبا قمر کے مطابق، ایسے نوجوان ہی اصل تبدیلی کے علمبردار ہیں، جو امید دلاتے ہیں کہ حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان دنیا میں بچوں کی شادیوں کے حوالے سے چھٹے نمبر پر ہے، جہاں تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ لڑکیوں کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہو چکی ہے۔ ان میں سے تقریباً نصف بچیاں بالغ ہونے سے پہلے ہی ماں بن جاتی ہیں، جس سے ان کی جسمانی صحت، تعلیمی ترقی اور عمومی زندگی شدید متاثر ہوتی ہے۔

یونیسف کی رپورٹ کے مطابق، صرف 13 فیصد شادی شدہ لڑکیاں ہی سیکنڈری تعلیم مکمل کر پاتی ہیں، جبکہ غیر شادی شدہ لڑکیوں میں یہ شرح 44 فیصد ہے، جو واضح کرتا ہے کہ شادی کے بعد تعلیم کا سلسلہ اکثر منقطع ہو جاتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کم عمر شادیوں کے خلاف قانون موجود ہے، لیکن اس پر عملدرآمد کا فقدان، سماجی روایات، اور غربت جیسے عوامل اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ یونیسف اور دیگر ادارے اس سنگین مسئلے کے خلاف مہمات چلا کر نہ صرف آگاہی پیدا کر رہے ہیں، بلکہ پالیسی کی سطح پر تبدیلی کے لیے بھی سرگرم ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter