گجرات کے نواحی علاقے کلا چور (محلہ بیری والا) میں شدید بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 6 اگست 2025 کو پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثےرات ایک بجے کے قریب پیش آیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ خلیل احمد ولد بہاول، اس کی 36 سالہ اہلیہ شہناز کوثر، اور 6 سالہ بیٹا راشد علی شامل ہیں۔ تینوں افراد اس وقت زخمی ہوئے جب ان کے 12 مرلے کے مکان کے ایک کمرے کی کچی چھت، جو گاڈر اور ٹی آر پر مشتمل تھی، اچانک گر گئی۔ چھت گرنے کی بنیادی وجہ موسلادھار بارش بتائی گئی ہے۔
اہل محلہ نے فوری طور پر متاثرہ خاندان کو ملبے سے نکالا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کی حالت مکمل طور پر مستحکم تھی جبکہ خلیل احمد کو پیشانی اور کندھے پر، اور اس کی بیوی شہناز کو پیٹھ اور کمر پر معمولی چوٹیں آئیں۔ تینوں زخمی ہوش میں تھے اور حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیم نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو سول اسپتال جلالپور جٹاں منتقل کر دیا۔