پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
رونالڈو نے یہ کارنامہ ہنگری کے خلاف میچ میں انجام دیا، جہاں انہوں نے دو شاندار گول اسکور کیے۔ اس میچ کے بعد ان کے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں گولز کی مجموعی تعداد 41 ہو گئی، جو کہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ کارلوس روئیز کے پاس تھا جنہوں نے 39 گول کیے تھے۔
میچ کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی ان کے لیے ہمیشہ فخر کی بات رہی ہے اور اس تاریخی اعزاز کو حاصل کرنا ان کے کیریئر کا قابلِ فخر لمحہ ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹبالر بن گئے
اگرچہ یہ میچ 2-2 سے برابر رہا، تاہم رونالڈو کی کارکردگی نے پرتگالی شائقین کو بے حد خوش کیا۔ موجودہ صورتحال میں پرتگال گروپ ایف میں 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور ورلڈ کپ کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔
رونالڈو ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ جذبہ، محنت اور لگن سے کوئی بھی ریکارڈ ناقابلِ تسخیر نہیں ہوتا۔