فیصل آباد، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے آن لائن فراڈ اور ڈیجیٹل پونزی اسکیموں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد میں سابق چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور ایک بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران 149 ملکی و غیر ملکی افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان NCCIA کے مطابق چھاپہ فیصل آباد کے علاقے 54 رب سرہالی میں مارا گیا، جہاں ایک بڑے کال سینٹر کے ذریعے پونزی اسکیم، ڈیجیٹل انویسٹمنٹ، اور آن لائن فراڈ میں ملوث نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔ اس دوران جو نیٹ ورک پکڑا گیا وہ جدید ڈیجیٹل تکنیک کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد میں 131 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں، جن میں 48 چینی باشندے، 8 نائجیرین، 4 فلپائنی، 2 سری لنکن، 6 بنگلہ دیشی اور 2 میانمار سے تعلق رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں، 76 پاکستانی مرد اور 2 پاکستانی خواتین بھی اس نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق اس گروہ کے خلاف پہلے ہی سات مقدمات درج ہو چکے ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ گرفتار افراد سے الیکٹرانک آلات، لیپ ٹاپس، موبائل فونز اور اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں فارنزک تجزیے کے لیے بھیجا جا چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ گروہ سوشل میڈیا، موبائل ایپس، اور جعلی انویسٹمنٹ اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دے کر اربوں روپے ہتھیا چکا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں آن لائن فراڈ اور ڈیجیٹل جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے خلاف نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے حالیہ مہینوں میں بھرپور کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں تاکہ شہریوں کو معاشی دھوکے سے بچایا جا سکے۔