بھارتی فضائیہ کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے جواب میں رافیل طیاروں کے نقصانات کے بالواسطہ اعتراف کے بعد فرانس کی معروف طیارہ ساز کمپنی "ڈاسو ایوی ایشن” کے شیئرز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
گزشتہ روز بھارت کی مسلح افواج کے سینئر افسران نے ایک میڈیا بریفنگ میں صورتحال پر روشنی ڈالی، جب بھارتی ائیر مارشل اے کے بھارتی سے رافیل طیارہ گرائے جانے کی تصدیق سے متعلق سوال کیا گیا کہ نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں اور مزید تفصیل بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مخالف کو فائدہ ہوسکتا ہے۔
ائیر مارشل کے اس مبہم بیان کو ماہرین کی جانب سے ایک بالواسطہ اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس کے اثرات فوری طور پر مالی منڈی میں بھی نظر آئے، اور رافیل تیار کرنے والی فرانسیسی کمپنی ڈاسو ایوی ایشن کے شیئرز میں آج 5.59 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رواں ہفتے کے آغاز سے اب تک کمپنی کے شیئرز کی مجموعی قدر میں 10.33 فیصد کی کمی ہو چکی ہے، جبکہ اس سے پچھلے ہفتے کے دوران ان میں 3.4 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارتی فضائیہ نے پاکستان میں مختلف اہداف پر حملے کیے تھے، جس پر پاک فضائیہ نے فوری اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی جہاز مار گرائے تھے۔