دنیا بھر میں سیاست اور دولت کے تعلقات ہمیشہ زیر بحث رہے ہیں، تاہم حالیہ رپورٹ میں کچھ سیاستدان ایسے سامنے آئے ہیں جنہوں نے اقتدار کے ساتھ ساتھ قابلِ ذکر دولت بھی جمع کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمر پیوٹن دنیا کے سب سے امیر سیاستدان قرار پائے ہیں، جن کی مبینہ دولت تقریباً 200 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دولت تقریباً 9 ارب ڈالر اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تیسرے نمبر پر 7.2 ارب ڈالر کے ساتھ شامل ہیں۔
اس فہرست میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی دولت تقریباً 5 ارب ڈالر، چینی صدر شی جن پنگ کی دولت تقریباً 1.5 ارب ڈالر اور افریقی ملک ایکویٹوریل گنی کے صدر تیودورو اوبیانگ کی دولت تقریباً 60 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔
مزید امیر سیاستدانوں میں روانڈا کے صدر پال کاگامے، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے امیر ترین اداکار ہمایوں سعید کی دولت ساڑھے 13 ارب روپےشاہ رخ خان کی دولت کا صرف 4 فیصد
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تخمینے عام مالی وسائل، نجی کاروبار، اثاثے اور ریاستی اثاثوں سے مبینہ طور پر منسلک دولت کی بنیاد پر لگائے گئے ہیں، تاہم ان کی اصل مالیت کی تصدیق متعلقہ حکومتوں نے نہیں کی۔
یہ فہرست دنیا بھر میں سیاست اور دولت کے تعلقات پر بحث کو دوبارہ اجاگر کرتی ہے اور اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ کچھ رہنما اقتدار کے دوران اپنے مالی وسائل کو بڑی حد تک بڑھانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
