پاکستان سپر لیگ کی نئی شامل ہونے والی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے اپنے پہلے ہی سیزن سے قبل ایک اہم اور توجہ حاصل کرنے والا فیصلہ کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان ٹم پین کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس تقرری کو فرنچائز مینجمنٹ کی جانب سے مستقبل کی مضبوط منصوبہ بندی اور طویل المدتی ویژن کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔
سیالکوٹ اسٹالینز کے اونر کامل خان نے ٹم پین کی تقرری پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹم پین کا بین الاقوامی سطح پر بطور کپتان وسیع تجربہ اور دنیا کے مختلف ایلیٹ کوچنگ پروگرامز میں کام کرنے کا پس منظر انہیں اس ذمہ داری کے لیے ایک مثالی انتخاب بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ ایسے کوچ کی تلاش میں تھی جو نہ صرف کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھار سکے بلکہ ایک مضبوط ٹیم کلچر بھی تشکیل دے۔
پی ایس ایل 11: گولڈ، پلاٹینم اور ڈائمنڈ کی کیٹیگریز کا اعلان، ٹاپ کھلاڑیوں کی ترقی کی فہرست جاری
کامل خان کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز کا مقصد صرف ایک یا دو سیزن کی کارکردگی تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسی ثقافت قائم کرنا ہے جو آنے والے برسوں تک ٹیم کی شناخت بنے۔ انہوں نے کہا کہ ٹم پین اس وژن کو عملی شکل دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کی قیادت میں ٹیم نظم و ضبط، پیشہ ورانہ رویے اور مستقل کارکردگی کی جانب گامزن ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹم پین نے سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے نہ صرف میدان میں قیادت کی بلکہ اسٹریٹیجسٹ، مینٹور اور ہائی پرفارمنس لیڈر کے طور پر بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ان تجربات نے انہیں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ مؤثر انداز میں کام کرنے کا ہنر سکھایا ہے۔
ٹم پین کے کوچنگ کیریئر پر روشنی ڈالتے ہوئے کامل خان نے کہا کہ وہ بگ بیش لیگ، آسٹریلیا اے، پرائم منسٹرز الیون اور نیشنل ڈیولپمنٹ پاتھ ویز جیسے اہم پلیٹ فارمز پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان تمام مراحل پر انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کی حامل ٹیمیں بنانے اور کھلاڑیوں کی انفرادی و اجتماعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
سیالکوٹ اسٹالینز کے اونر کا کہنا تھا کہ فرنچائز کا فوکس واضح حکمت عملی، سخت نظم و ضبط اور مسلسل بہتری پر ہے، اور ٹم پین کے کوچنگ اصول اس ویژن سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔ ان کے مطابق اس تقرری سے سیالکوٹ اسٹالینز کے پیشہ ورانہ معیار، عالمی سطح کے تجربے اور پی ایس ایل میں ایک مضبوط اور چیمپئن ٹیم بننے کے خواب کو عملی تقویت ملے گی۔
کرکٹ حلقوں میں ٹم پین کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کو سیالکوٹ اسٹالینز کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو لیگ میں نئی فرنچائز کے طور پر اپنی مضبوط موجودگی ثابت کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔
