سوہاوہ، تحصیل سوہاوہ میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں پولیس انسپکٹر راجہ ظہور کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
واقعہ تھانہ ڈومیلی کے علاقے دیرہ میں پیش آیا، جہاں مقتول انسپکٹر کو ان کے چچا زاد بھائی نے مبینہ طور پر دیرینہ رنجش کی بنا پر نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
مقتول راجہ ظہور اس وقت تھانہ منگلا میں انویسٹی گیشن افسر کے طور پر تعینات تھے، اطلاع ملتے ہی ڈومیلی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی جبکہ کرائم سین یونٹ نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، اور اسے جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
**یاد رہے کہ پولیس افسران کی ذاتی دشمنیوں میں قتل کے واقعات سکیورٹی اداروں کے لیے ایک سنگین چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔ اس واقعے نے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی افسوس اور تشویش پائی جا رہی ہے۔