کوٹلہ (نمائندہ خصوصی) یومِ تکبیر کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے لنگڑیال چوک، کوٹلہ میں ایک شاندار ریلی اور جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے کی۔ ریلی میں مختلف علاقوں سے آنے والے قافلوں نے بھرپور شرکت کی، جن میں چوہدری نصیر عباس سدھو، نوابزادہ طاہر الملک، نوابزادہ حیدر مہدی، میجر معین نواز اور علی وڑائچ شامل تھے۔
ریلی کے دوران آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا جبکہ فضا "پاکستان زندہ باد” اور "بھارت مردہ باد” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکاء نے پاک فوج کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عابد رضا نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو قائد نواز شریف نے عالمی دباؤ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہماری قومی خودمختاری اور دفاعی طاقت کی علامت ہے۔
عابد رضا نے پاک افواج کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کو فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور ایئر مارشل ظہیر بابر سدھو نے صرف ایک گھنٹے میں دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔انہوں نے کہا کہ فتنہ عمرانیہ نے ایک گندی نسل تیار کر دی ہے جو آج بھارت سے بھی زیادہ خطرناک ہے، جنہوں نے معاشرے میں انتشار کی نئی نسل کو جنم دیا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر ایک بار پھر نواز شریف سے اپنی وفاداری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ "میں ماضی میں بھی نواز شریف کا ساتھی تھا، آج بھی ہوں اور مستقبل میں بھی ساتھ کھڑا رہوں گا۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ "میں آج بھی اپنی عوام کے دلوں میں زندہ ایم این اے ہوں، اور اصل نمائندہ وہی ہوتا ہے جو دلوں میں بسے۔”