رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو بلاوجہ ٹرمپ سے توقعات نہیں باندھنی چاہئیں۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا انھیں رہائی اپنے مؤقف اور مقدمات کی پیروی سے مل سکتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آرمی چیف کو لکھے خط کے بارے میں سنا ہے دیکھا نہیں، بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم نے خط میں وجوہات اور تجاویز بیان کی ہیں جنہیں مثبت انداز میں دیکھا جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مل کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا، انہوں نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کرکے ملک میں آزادیٔ اظہار رائے کا گلا گھونٹا، آصف علی زرداری اور بلاول کو آئین کا حلیہ بگاڑنے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں پاکستانی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کہا کہ قومی دعائیہ ناشتے کی تقریب میں امریکی حکام سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ امریکا میں ہونیوالے قومی دعائیہ ناشتے کی تقریب میں دنیا بھر سے اہم ترین شخصیات موجود تھیں، تقریب میں امریکی صدر نے خطاب کیا۔
اس سے قبل واشنگٹن میں قومی دعائیہ ناشتے کی تقریب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان اورامریکا کے عوامی رابطے مضبوط کیے جانے چاہییں، مذہب کو تقسیم کرنے کی بجائے متحد کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔