لاہور، صوبہ پنجاب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے چناب اور دریائے جہلم سمیت ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق 28 جولائی سے 31 جولائی کے درمیان نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جس کے باعث تمام متعلقہ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سمیت گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، حافظ آباد، جھنگ، سرگودھا، خوشاب، خانیوال، چنیوٹ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے، ریسکیو 1122 اور واسا کی ٹیموں کو تیار رکھنے، اور ایمرجنسی کنٹرول رومز کو فعال رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ریلیف کمشنر کا کہنا ہے کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود آبادیوں اور مویشیوں کے انخلاء کا عمل فوری شروع کیا جائے، مقامی حکومت، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، لائیو اسٹاک، جنگلات، اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل دیا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت پنجاب شہریوں اور ان کے مال مویشیوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنائے گی۔