ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز پر پی سی بی کا سخت ردعمل، پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر مکمل پابندی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

latest urdu news

چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اہم اجلاس میں اس حوالے سے متفقہ فیصلہ کیا گیا، جس میں ڈبلیو سی ایل کے حالیہ جانبدارانہ رویے اور متنازع فیصلوں پر شدید تحفظات اور مایوسی کا اظہار کیا گیا۔

پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بورڈ آف گورنرز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف برتے گئے دوہرے معیار، خاص طور پر پاک بھارت میچ کی منسوخی اور جان بوجھ کر مخالف ٹیم کو پوائنٹس دینے کے یکطرفہ فیصلے پر شدید اعتراض کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ڈبلیو سی ایل نے کھیل کو سیاسی مقاصد اور مخصوص قوم پرستانہ بیانیے کے تابع بنا دیا، جس سے چیمپئن شپ کے بنیادی مقصد اور کھیل کی روح کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

اجلاس کے دوران اراکین نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھیل کو ہمیشہ سیاست سے الگ رکھنے کا داعی رہا ہے اور اس قسم کا جانبدارانہ اور متعصبانہ رویہ بین الاقوامی کھیلوں کی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ بورڈ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ڈبلیو سی ایل کی معذرت درحقیقت اس بات کا اعتراف ہے کہ میچز کی منسوخی اصولوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ مخصوص قوم پرستانہ دباؤ کے تحت کی گئی۔

اجلاس میں شریک اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی سی بی کسی ایسے ایونٹ میں اپنی ٹیموں یا کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دے سکتا جہاں کھیل کے غیرجانبدار اصولوں کو پامال کیا جائے۔ اس فیصلے کے تحت آئندہ پاکستانی کرکٹرز کو WCL میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بورڈ آف گورنرز کے اس اجلاس میں کئی اہم اراکین نے شرکت کی جن میں کرکٹ لیجنڈ ظہیر عباس، زاہد اختر زمان، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ، تنویر احمد، محمد اسماعیل قریشی، انوار احمد خان، طارق سرور، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ شامل تھے۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter