آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تشکیل کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جب کہ باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان ویمن ٹیم کا اعلان 25 اگست تک کر دیا جائے گا۔ ٹیم کی حتمی منظوری کے بعد کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے قبل جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں میدان میں اتارا جائے گا، جو ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگی۔
ٹیم کے انتخاب میں کارکردگی، فٹنس اور حالیہ ڈومیسٹک مقابلوں میں کھلاڑیوں کی فارم کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ روانگی سے قبل پاکستان ویمن ٹیم لاہور میں تربیتی کیمپ اور ہوم سیریز کے میچز کھیلے گی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا آغاز 30 ستمبر سے سری لنکا میں ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر کی ٹاپ ویمن ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کارکردگی پر شائقین کرکٹ کی نظریں جمی ہوئی ہیں، اور ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ اس بار قومی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔