پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے، لیکن قومی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ اپنی حدود اور سرزمین کے دفاع میں دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے سات سال قبل دشمن کی جانب سے کی گئی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں بھرپور جواب دے کر دشمن کی سازشیں ناکام بنا دی تھیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا رومانیہ کا دورہ، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
ایئر چیف نے "معرکہ حق” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے پہلی بار مکمل ملٹی ڈومین آپریشنز کامیابی سے انجام دیے، جس میں دشمن کے رافیل، سخوئی 30، میراج 2000 اور مگ 29 طیارے گرائے گئے اور دشمن کے بیسز اور زمینی اثاثے نشانہ بنائے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دشمن کے جدید ایس-400 فضائی دفاعی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز بھی مکمل طور پر ناکارہ بنائے گئے۔
ایئر چیف نے یہ بھی کہا کہ مالی دباؤ کے باوجود پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی کی جانب گامزن ہے، جس میں بغیر پائلٹ سسٹمز، الیکٹرانک وارفیئر، اسپیس اور سائبر صلاحیتوں کی ترقی شامل ہے۔ مقامی طور پر تیار کردہ ‘ملٹی ڈومین کِل چین’ کا قیام فضائیہ کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
