پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف بھی اس برس بسنت کی خوشیوں میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے اندرون شہر بسنت منانے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیا ہے، جس میں اپنے پرانے دوستوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ پرانی یادیں تازہ کی جا سکیں اور لاہور کے قدیم ثقافتی ماحول کا لطف دوبارہ محسوس کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف لاہوری کلچر کے دلدادہ ہیں اور بسنت جیسے موسمی اور ثقافتی تہوار کو فروغ دینے کے حوالے سے انہوں نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے اس بات پر غور کیا کہ بسنت کو محفوظ اور منظم انداز میں کیسے منایا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے پنجاب کے ثقافتی حلقوں اور ماہرین سے متعدد ملاقاتیں بھی کیں تاکہ تہوار کے دوران عوام کو بھرپور تفریح اور حفاظت دونوں فراہم کی جا سکیں۔
لاہور میں برسوں بعد بسنت کی رونقیں بحال، عظمیٰ بخاری کا خوشیوں اور احتیاط کا پیغام
نواز شریف نے اپنی بچپن اور جوانی کے دن لاہور کے اندرون شہر میں گزارے ہیں اور بسنت کے حوالے سے ان کا مؤقف ہے کہ یہ تہوار نہ صرف پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس سے مقامی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔ ان کے مطابق بسنت لاہور کی پہچان اور خوشیوں کا اہم حصہ ہے، اور ہر سال اسے منانے کا مقصد اس ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور میں اس سال بسنت 6 سے 8 فروری تک منایا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے شہر بھر میں تفریحی اور حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، تاکہ شہری اور زائرین دونوں محفوظ ماحول میں پتنگ بازی اور دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ نواز شریف کا پروگرام بھی اسی فضا میں منعقد ہو گا، جہاں وہ دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ بسنت کی خوشیوں کا حصہ بنیں گے۔
