پاکستان آنے والی غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے ایک نئی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
جس کے تحت انہیں واپسی کے سفر کے لیے درکار ایندھن اپنے ساتھ ہی لانا ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد ملک میں ایندھن کی دستیابی اور اس کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا ہے، جس میں تمام بین الاقوامی ائیرلائنز کو نئی پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام عارضی نوعیت کا بھی ہو سکتا ہے، تاہم اس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے باعث بعض ائیرلائنز کو آپریشنل مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حال ہی میں کراچی سے دوحہ جانے والی ایک غیر ملکی پرواز کو ایندھن کی کمی کے باعث مسقط میں لینڈنگ کرنا پڑی تاکہ وہاں سے فیول حاصل کیا جا سکے۔
عالمی سطح پر تیل مہنگا، خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر سے تجاوز کر گئیں
مزید یہ کہ اضافی ایندھن ساتھ لانے کی شرط کے باعث طیاروں کے وزن میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے کچھ ائیرلائنز مسافروں کے سامان اور کارگو میں کمی کرنے پر مجبور ہیں۔ اس صورتحال سے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
