ویرانی کے بعد بھولی بسری یادیں دوبارہ زندہ ہونے جارہی ہیں فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔
گرین شرٹس پراعتماد ہیں کہ وہ فتح کے سفر کو جاری رکھیں گے، اور شاہین شاہ آفریدی نئی کپتانی کے آغاز میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ بیٹنگ لائن کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے اور بولنگ اٹیک کو حریف کے قدم اکھاڑنے کے لیے متحرک رہنا ہوگا۔
دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز ٹریننگ سیشن میں اپنی تیاری کو حتمی شکل دی، اور ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی۔ شاہین اور جنوبی افریقی کپتان میتھیو بریٹزکی دونوں ہی اسے جیتنے کے لیے بے چین ہیں۔
اس سے قبل یہ وینیو 11 اپریل 2008 کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آخری انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کر چکا ہے۔ مجموعی طور پر اقبال اسٹیڈیم میں 16 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 12 میں سے 9 جیتے اور جنوبی افریقہ نے 5 میں سے 2 کامیابیاں حاصل کیں۔
پاکستان نے اس سیریز کے لیے مضبوط اسکواڈ منتخب کیا ہے جس میں فخر زمان کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کی بولنگ لائن مضبوط حکمت عملی کے ساتھ سامنے آئے گی۔ اس جوڑی نے پچھلے سال آسٹریلیا میں سیریز جیتنے اور جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دوسری جانب، جنوبی افریقہ ایک روزہ فارمیٹ میں فارم میں ہے اور گزشتہ برس آسٹریلیا اور انگلینڈ میں سیریز جیتی ہے، جبکہ چیمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ تینوں ون ڈے میچز فیصل آباد میں ہی کھیلے جائیں گے، اور اس تاریخی موقع پر دونوں کپتان ٹرافی جیتنے کے لیے پرجوش ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 