انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں پاکستان کو سخت ردعمل کی دھمکی دے دی، کہا دوبارہ کچھ ہوا تو جواب اور بھی سخت ہوگا۔
نئی دہلی، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کے روز لوک سبھا میں پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر بحث کے دوران پاکستان کے خلاف جارحانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ ابھی رکا ہے، ختم نہیں ہوا۔
” اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو اس بار بھارت کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔
راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ہمارے کتنے طیارے گرے، مگر سوال یہ ہونا چاہیے کہ ہم نے دشمن کے کتنے طیارے گرائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا، اور اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ ایسا ہی کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی حکومت اور افواج مکمل طور پر چوکس ہیں، اور ملک کے تحفظ کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی جانب سے کوئی نئی مہم جوئی کی گئی تو بھارت بھرپور جواب دے گا، جو پچھلی بار سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت میں سیاسی و عسکری سطح پر خاصی گرمی دیکھی جا رہی ہے، اور پاکستان کے خلاف بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان اسی سلسلے کی کڑی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔